نئی دہلی:نربھیا اجتماعی عصمت دری معاملے میں صدر رام ناتھ کووند نے مجرم مکیش سنگھ کی درخواست مستردکر دی ہے۔ وزارت داخلہ نے جمعرات کو صدر رام ناتھ کووند کے پاس بھیجا تھا۔ ذرائع سے ملی معلومات کے مطابق صدر نے مجرم مکیش کی پھانسی کی سزا کو برقرار رکھنے کی سفارش کی ہے۔
بتادیں کہ نربھیا اجتماعی عصمت دری اور قتل معاملے میں موت کی سزا پائے چار قصورواروں میں سے ایک مکیش سنگھ نے رحم کی درخواست کچھ دن پہلے ہی دائر کی تھی۔وہیں نربھیا کی ماں نے دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا پر اس معاملے میں سیاست کرنے کا الزام لگایا ہے۔نربھیا کی ماں نے کہا کہ ہم یہاں پل پل مر رہے ہیں اور اس معاملے میں سیاست ہو رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے جمعرات کو دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے تہاڑ جیل حکام کو جمعہ تک اس معاملے میں مناسب پوزیشن رپورٹ دائر کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وہیں کورٹ میں مکیش نے درخواست کی کہ اس کی رحم کی درخواست صدر کے پاس زیر التوا ہے اور اس کی بنیاد پر اس کی پھانسی کی تاریخ ملتوی کر دی جائے۔
مکیش کی جانب سے پیش وکیل نے عدالت سے کہا کہ بعد کے واقعات کی وجہ سے ضروری ہے کہ موت کے وارنٹ منسوخ کر دیا جائے۔ واضح رہے کہ گنہگاروں کو پھانسی دینے کے لئے 22 جنوری طے کی گئی لیکن اس سے پہلے ہی مجرم مکیش نے موت وارٹ کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔