Latest News

نیپال : وزیر اعظم کارکی نے عام انتخابات کی تیاریوں کو لیکر وزرائے اعلیٰ کے ساتھ کی میٹنگ

نیپال : وزیر اعظم کارکی نے عام انتخابات کی تیاریوں کو لیکر وزرائے اعلیٰ کے ساتھ کی میٹنگ

نیشنل ڈیسک: نیپال کی وزیرِاعظم سشیلا کارکی نے اتوار کو پانچ مارچ کو ہونے والے عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں تمام سات صوبوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ ایک مشترکہ میٹنگ کی۔ وزیرِاعظم کے پریس کوآرڈینیٹر رام بہادر راول نے کہا کہ یہ میٹنگ بدلے ہوئے سیاسی تناظر میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان بات چیت اور ہم آہنگی کو مضبوط کرنے کے لیے بلائی گئی تھی۔ کارکی (73 سال)12 ستمبر کو اس وقت کی وزیرِاعظم کے پی شرما اولی کے عہدے سے ہٹنے کے بعد نیپال کی پہلی خاتون وزیرِاعظم بنی تھیں۔
بدعنوانی اور سوشل میڈیا پر پابندی کو لے کر نوجوانوں کی قیادت والے جنریشن  زیڈ کے احتجاجی مظاہروں کے بعد اولی کو اقتدار سے بے دخل ہونا پڑا تھا۔ یہ میٹنگ عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں وزیرِاعظم کی جانب سے مختلف فریقوں کے ساتھ مشاورت کا ایک اور مرحلہ تھی۔ عام اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے مقصد سے اگلے سال مارچ میں ہونے والے انتخابات سے پہلے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ جنرین  زیڈ گروپ کے ساتھ کارکی کی میٹنگوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انتخابات کے تعلق سے سیاسی جماعتوں کے موقف کو واضح کیے جانے کی ضرورت کے بارے میں کارکی نے ہفتہ کے روز نیپالی کانگریس(این سی)کے جنرل سکریٹری گگن تھاپا اور وِشو پرکاش شرما سے ملاقات کی۔
وزیرِاعظم کارکی کے سکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق، ایک گھنٹے تک چلی یہ میٹنگ حکومت کی انتخابی تیاریوں، قانون و نظم کی حالت میں بہتری اور انتخابات سے پہلے مکمل کیے جانے والے دیگر کاموں پر مرکوز رہی۔ نیپالی کانگریس کے رہنماؤں نے انہیں انتخابات میں شرکت کے لیے اپنی پارٹی کی وابستگی کا یقین دلایا۔ میٹنگ کے بعد این سی کے رہنما تھاپا اور شرما نے صحافیوں کو بتایا کہ کانگریس جلد ہی جن زیڈ گروپ کے ساتھ ساتھ دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی سنجیدہ بات چیت کرے گی۔ نگراں حکومت کے ستمبر میں قیام کے بعد کارکی نے پہلی بار 21 اکتوبر کو عام انتخابات کی تیاریوں اور سکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کے لیے اہم سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کی تھی۔
کارکی نے تمام سیاسی جماعتوں سے آزاد اور منصفانہ انتخابات کرانے میں تعاون کی اپیل کی، جبکہ رہنماؤں نے حکومت سے انتخابات کے لیے سازگار ماحول بنانے کی درخواست کی۔ وزیرِاعظم کارکی کی موجودگی میں مختلف سکیورٹی ایجنسیوں کے سربراہوں کے ساتھ ہونے والی ایک اہم میٹنگ کے بعد وزیرِداخلہ آرائل نے کہا کہ حکومت مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور مشاورت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔
 



Comments


Scroll to Top