نئی دہلی:دوردرشن کی مشہور اینکر نیلم شرما کا آج نوئیڈا کے ایک ہسپتال میں انتقال ہوگیا۔ وہ تقریبا 50 سال کی تھیں اور پچھلے کچھ دنوں سے نمونیا میں مبتلا اور ہسپتال میں داخل تھیں۔ محترمہ شرما کے پسماندگان میں شوہر کے علاوہ ایک بیٹا ہے۔ ان کی آخری رسومات شام سات بجے نگم بودھ گھاٹ پر ادا کی گئیں۔ اس موقع پر پرسار بھارتی صدر اے سوریہ پرکاش اور دوردرشن (نیوز) ڈائریکٹر جنرل مینک اگروال سمیت متعدد سینئر عہدیدار اور صحافی موجود تھے۔
مسٹر سوریہ پرکاش کے علاوہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ششی شیکھر ، دور درشن کی ڈائریکٹر جنرل سپریہ ساہو اور مسٹر اگروال نے محترمہ شرما کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور انہیں دور درشن کی شناخت قرار دیا ہے۔
محترمہ شرما 1995 سے دور درشن میں کام کررہی تھیں اور خواتین کو بااختیاربنانے سے متعلق تیجسونی جیسے کئی پروگرام کئے تھے ۔ اس سال مارچ میں انہیں ناری شکتی سمان ملا تھا۔ انہیں کئی دیگر ایوارڈز سے بھی نوازا گیا تھا۔ وہ اپنے پروگراموں میں سلگتے مسائل کو بہتر انداز میں اٹھاتی تھیں اور اپنے متاثر کن انداز اور پیش کش کی وجہ سے سامعین میں بہت مقبول تھیں۔
مسٹر سوریہ پرکاش نے محترمہ شرما کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ واقعتا خواتین طاقت کی علامت تھیں۔ دور درشن ان کی موت کے ساتھ ہی تیجسونی سے محروم ہوگیا ہے۔ دور درشن کے ڈائریکٹر جنرل سپریہ ساہو نے محترمہ شرما کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے اور انہیں ایک اہم اینکر قرار دیا ہے۔ انہوں نے دور درشن کو ایک الگ شناخت دی۔مسٹر ششی شیکھر نے محترمہ شرما کی موت پررنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی وفات دوردرشن کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔