ممبئی: کامیڈین بھارتی سنگھ کے بعد نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ان کے شوہر اور ٹی وی اداکار ہرش لمبچیاکو گرفتار کرلیا ہے۔ ہرش لمبچیا کو ان کے گھر سے 86.5 گرام گانجہ برآمد ہونے کے بعد گرفتار کیا ہے۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق، ہرش لمبچیا اور بھارتی سنگھ دونوں نے اپنے آفس اور گھر پر ایجنسی کے ذریعہ چھاپہ مارنے کے بعد نشیلی اشیا کے استعمال کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ اے این آئی کے مطابق، نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ہرش لمبچیا کو گرفتار کرلیا ہے۔
اس سے پہلے ایجنسی نے کل بھارتی سنگھ کو گرفتار کیا تھا، جنہیں آج این ڈی پی ایس کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ کامیڈین بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر لمبچیا کو 18 گھنٹے کی لمبی پوچھ گچھ کے بعد نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے گرفتار کیا ہے۔
واضح ڑہے کہ ہفتہ کے روز این سی بی نے بھارتی سنگھ کو ان کے ممبئی کے اندھیری واقع گھر سے گانجہ ضبط کئے جانے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ این سی بی نے بالی ووڈ میں مبینہ نشیلی دواوں کے استعمال کی جانچ کے تحت صبح بھارتی سنگھ کے گھر اور ان کے دفتر کی تلاشی لی۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کی قیادت میں ایک ٹیم نے بھارتی سنگھ کے لوکھنڈوالا کامپلیکس واقع گھر کے ساتھ ساتھ ان کے پروڈکشن ہاؤس پر ایک اطلاع کی بنیاد پر چھاپہ ماری کی، جہاں ریڈ کے دوران ٹیم نے 86.5 گرام گانجہ برآمد کیا۔