Latest News

میرٹھ ایس پی کا بیا ن قابل مذمت، معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ ہونی چاہئے: مایا وتی

میرٹھ ایس پی کا بیا ن قابل مذمت، معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ ہونی چاہئے: مایا وتی

لکھنؤ:اترپردیش کے ضلع میرٹھ کے ایس پی(شہر)اکھلیش نارائن سنگھ کی شہریت(ترمیمی )قانون کے خلاف احتجاج کے دوران کی وائرل ویڈیو پر آج بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)سپریمو مایاوتی نے بھی تلخ تبصرہ کرتے ہوئے اس کی اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے ایس پی کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
 سینئر پولیس افسر کی وائر ل ویڈیو سے ریاست میں سیاسی پارہ کافی گرم ہے۔جہاں متنازع ویڈیو کو معاملہ بنا کر سیاسی پارٹیاں حکومت پر حملہ آور ہیں تووہیں پولیس و حکومت کے بڑے افسران اس پر صفائی پیش کررہے ہیں ۔سیاسی پارٹیاں ایس پی کے بیان کی مذمت کررہی ہیں۔سنیچر کو کانگرس جنر ل سیکرٹری پرینکا گاندھی نے تلخ تبصرہ کیا تھا تو اتوار کو بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے اسے بدقسمت قرار دیتے ہوئے پورے معاملے میں اعلیٰ سطحی عدالتی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا۔
اتوار کو اپنے ٹویٹ میں بی ایس پی سربراہ نے لکھااترپردیش سمیت پورے ملک میں سالوں سے رہ رہے مسلمان ہندوستانی ہیں ناکہ پاکستانی یعنی شہریت (ترمیمی)قانون اور این آر سی کی مخالفت میں احتجاج کے دوران خاص کر اترپردیش کے میرٹھ کے ایس پی شہر کی جانب سے ان کی تئیں فرقہ وارانہ زبان/تبصرہ کرنا کافی قابل مذمت اور مایوس کن ہے۔انہوں نے لکھا کہ سبھی پولیس اہلکار کی اعلیٰ سطحی عدالتی جانچ ہونی چاہئے اور قصوروارہونے کے صحیح ثبوت ملنے پر پھر ان کو فورا نوکری سے برخاست کرنا چاہئے۔ بی ایس پی کا یہ مطالبہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سنیچر کو وائرل ویڈیو کی چوطرفہ تنقید کے بعد صفائی پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ کچھ لڑکے پاکستان زندہ باد  کے نعرے لگا رہے تھے جس کے جواب میں انہوں نے ایسا کہا ۔لیکن ایس پی کی یہ صفائی کسی کے گلے نہیں اتررہی ہے۔بعض سماجی کارکنان کی جانب سے ایس پی کی صفائی پر سخت تبصرہ کیا ہے کہ ایک خاص سماج کے تعلق سے پولیس کا یہ پرانا حربہ رہا ہے کہ پہلے وہ اس سماج کے تئیں اپنی ذہنی منافرت کا اظہار کرتی ہے اور جب اس کا پردہ فاش ہوتا ہے توملک مخالف کسی بھی سرگرمی کا الزام گڑھ کراپنا پلڑا جھاڑ لیتے ہیں۔یہی ان کا سب سے آسان طریقہ ہے۔

 



Comments


Scroll to Top