Latest News

دہلی اسمبلی انتخابات: بی جے پی مسلمانوں کو کیوں نہیں دیتی ٹکٹ،منوج تیواری نے دیا یہ جواب

دہلی اسمبلی انتخابات: بی جے پی مسلمانوں کو کیوں نہیں دیتی ٹکٹ،منوج تیواری نے دیا یہ جواب

نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات 2020 میں ووٹنگ سے پہلے بی جے پی اپنی انتخابی تشہیر میں جارحانہ رویہ اختیارکرچکی ہے۔ دہلی بی جے پی کے صدرمنوج تیواری ان دنوں تقریروں اور انٹرویو میں اپنے موقف کا اظہار کرکے پارٹی کے نظریے کو واضح کررہے ہیں اور لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں۔ اسی دوران انہوں نے ایک ایسے سوال کا جواب بھی دیا ہے، جو ہر الیکشن سے پہلے بی جے پی کے سامنے کھڑا کیا جاتا ہے۔ کانگرس سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں بی جے پی پرمسلم امیدواروں کو ٹکٹ نہیں دینے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔ اس کا جواب ہندی اخبار 'دینک بھاسکر' کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران منوج تیواری نے دیا۔
جب منوج تیواری سے پوچھا گیا کہ کیوں بی جے پی نے دہلی اسمبلی انتخابات میں ایک بھی مسلم کو امیدوار نہیں بنایا؟ تو انہوں نے بتایا 'بی جے پی مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دے سکتی ہے، جہاں مسلم علاقے ہیں، لیکن ہم ٹکٹ دے دیتے ہیں تو وہ جیتتے ہی نہیں ہیں۔ اس لئے ہم دوسرا طریقہ اپناتے ہیں'۔ منوج تیواری نے ایک مثال دیتے ہوئے بتایا- 'رامپور میں مختارعباس نقوی کو بھی نہیں جتایا، ہم انہیں راجیہ سبھا سے لاکر وزیر بناتے ہیں۔ محسن بھائی کو ایم ایل سی بناکرلائے ہیں، وہ یوپی میں وزیر ہیں'۔
منوج تیواری نے مسلم طبقے کے لئے کئے گئے مرکزی حکومت  کے کاموں کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہا، 'ہم نے مسلم طبقے کو مودی حکومت کے پانچ سال کی مدت کارکے بارے میں مسلسل بتایا۔ 3.5 لاکھ مدارس کے بچوں کو وظیفہ دیا'۔ انہوں نے کہا 'مودی راج کا خوف دکھایا جارہا ہے۔ پانچ سال میں وہ بھی ختم ہوگیا ہے۔ لوگوں کو اب بہکاوے میں نہیں آنا چاہئے۔ عوام جنہیں ہرا دیتی ہے، وہ خوف کے ذریعہ گڑبڑی پھیلاناچاہتے ہیں۔ اس سے ملک کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے'۔
 



Comments


Scroll to Top