نئی دہلی :کیرل، پنجاب کے بعد اب راجستھان حکومت نے شہریت ترمیمی قانون ( سی اے اے )کے خلاف قرارداد منظور کی ہے۔اس کے ساتھ ہی سی اے اے کی مخالفت میں قرارداد منظور کرنے والی راجستھان تیسری ریاست ہو گئی ہے۔میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ ان کی حکومت مرکز کے اس قانون کی پرزور مخالفت کرتی ہے۔اس دوران اپوزیشن بی جے پی نے ایوان میں اس تجویز کی مخالفت میں جم کر نعرے بازی کی۔
جے پور میں سی ا ے اے ، اینے آر سی اور این پی آر کی مخالفت میں ریلی نکالی
اس سے پہلے راجستھان میں جے پور میں آج آئین ،جمہوریت بچا ؤمہم کے تحت سی اے اے کو منسوخ کرنے اور این آر سی اور این پی آر کے عمل کو روکنے کی مانگ کو لے کر ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں خواتین اور مردوں نے شرکت کی۔ریلی راج بھون پہنچی جہاں گورنر کو اے ڈی سی کے ذریعے میمورنڈم دیا گیا۔تنظیم کے میڈیا انچارج بسنت ہریانہ نے بتایا کی ریلی سے پہلے ایم آئی روڈ پر واقع شہید یادگار پر ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کوسابق مرکزی وزیر یشونت سنہا سمیت مختلف تنظیموں کے عہدیداروں نے خطاب کیا
سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے کہا کہ سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر پورے طور پر غیر آئینی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں مرکز کی بی جے پی حکومت اور اس کی اتحادی تنظیموں کی طرف سے گاندھی جی کودوبارہ قتل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے جسے ملک کے آئین اور انسانیت میں یقین رکھنے والے قطعی برداشت نہیں کریں گے۔ اس موقع پر سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر مخالف عوامی تحریک کے کنوینر سوائی سنگھ نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت ملک کو ہندو مسلمان کے نام پر تقسیم کرنا چاہتی ہے۔