Latest News

جموں کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا - ایک دن پی او کے والے بولیں گے یہ ہے ہمارا کشمیر

جموں کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا - ایک دن پی او کے والے بولیں گے یہ ہے ہمارا کشمیر

جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کے زیادہ تر التزامات ہٹائے جانے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی برقرار ہے ۔ پاکستان بار بار بین الاقوامی پلیٹ فارموں پر کشمیر پر دعویٰ پیش کرنے کی کوشش کررہا ہے ، لیکن اس کی ہر کوشش ناکام ہورہی ہے ۔ ہندوستان نے بھی پاکستان پر واضح کردیا ہے کہ اب کشمیر کو لے کر پاکستان سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی ۔ یہی نہیں نائب صدر جمہوریہ اور وزیر دفاع سمیت کئی لیڈروں نے یہاں تک کہہ دیا ہے کہ اب پاکستان سے پاک مقبوضہ کشمیر پر ہی بات چیت ہوگی ۔ اب جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے بھی پی او کے کو لے کر بڑا بیان دیا ہے ۔


گورنر ملک نے پاک مقبوضہ کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ حصہ بنانے کی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت نے انہیں جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام کرنے کی ہدایات دی  ہیں ۔ جموں میں کینسر ادارہ کے سنگ بنیاد پروگرام میں کہا کہ ایک دن ایسا بھی آئے گا جب پی او کے کے لوگ ایل او سی پار کر کے ہندوستان میں آئیں گے اور کہیں گے کہ یہ ہمارا کشمیر ہے اور پی او کے کے اتحاد کا مطالبہ کریں گے ۔
یہی نہیں ستیہ پال ملک نے دہشت گردوں کو پاکستان سے خریدے ہوئے لڑکے قرار دیتے ہوئے وارننگ دی کہ سیب پیدا کرنے والوں کو وادی کے باہر سیب بیچنے کی دھمکی نہ دیں اور اگر انہوں نے ایسا کیا تو انہیں سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے ۔ ملک نے کہا کہ کچھ پاکستان سے خریدے گئے لڑکے وادی میں گھوم رہے ہیں ۔ یہ لڑکے باغبانوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دے رہے ہیں اور انہیں اپنی فصل باہر کے بازاروں میں بیچنے سے روکنے کیلئے کہا جارہا ہے ۔



Comments


Scroll to Top