نیشنل ڈیسک: آج ملک کی پہلی اور اب تک کی خاتون وزیر اعظم اندرا گاندھی کی جینتی ہے، جنہیں پوری دنیا آئرن لیڈی کے نام سے بھی جانتی ہے ۔ وزیر اعظم رہتے ہوئے اندرا گاندھی نے کئی بڑے فیصلے لئے ،جن کی وجہ سے کئی بار تو وہ تعریف کی مستحق بنی تو کئی بار انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اپنے ایک ایسے ہی فیصلے کی وجہ سے اندرا کو اپنی جان تک گنوانی پڑی۔اندرا گاندھی کی جینتی پر ان سے منسلک کچھ چیزوں پر روشنی ڈالتے ہیں۔
اندرا گاندھی کاپورا نام اندرا پریہ درشنی تھا، جبکہ اندرا گاندھی کے گھر کا نام اندوتھا۔اندرا گاندھی 24 جنوری، 1966 کو پہلی بار ملک کی وزیر اعظم بنیں، جس کے بعد وزیر اعظم بنتے ہی انہوں نے تاریخ رقم کی تھی۔وہ پہلی اور اب تک واحد خاتون وزیر اعظم رہی ہیں۔اندرا سال 1966 سے 1977 تک مسلسل 3 بار بھارت کی وزیر اعظم رہیں اور اس کے بعد چوتھی بارمیں 1980 سے لے کر 1984 میں اپنے قتل تک بھارت کی وزیر اعظم رہیں۔ اندرا نے اپنے باپ کے خلاف جاکر سال 1942 میں فیروز سے شادی کی تھی۔جواہر لال نہرو کو اندرا اور فیروز کے رشتے سے سخت اعتراض تھا۔
اندرا کو ان کی 'گاندھی ' عرفی نام (اُپ نام )فیروزگاندھی سے شادی کے بعد ملا تھا۔ان موہن داس کرم چند گاندھی سے نہ تو خون کا اور نہ ہی شادی کی طرف سے کوئی رشتہ تھا۔ اندرا نے وزیر اعظم رہتے ہوئے 19 جولائی، 1969 کوبنکوں کے راشٹریہ کرن( نیشنلائزیشن) کا آرڈیننس لایا تھا۔اندرا گاندھی نے پاکستان کو ایسا زخم دیا ہے، جس کی ٹیس ہمیشہ اسکو محسوس ہوتی رہے گی۔پاکستان کے لئے یہ زخم 1971 کے بنگلہ دیش جنگ کی شکل میں تھا۔ 1971 میں پاکستان کے دو ٹکڑے ہوئے اور بنگلہ دیش بنا ۔ اندرا کی قیادت میں 1974 میں جوہری تجربہ کرکے بھارت نے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا تھا ۔
اپنی زندگی کا سب سے بڑا اہم فیصلہ اندرا نے امرتسر کے گولڈن ٹیمپل میں' آپریشن بلیو سٹار' چلا کر کیا تھا، جسمیں بھنڈراوالا اور اس کے حامیوں کو مار گرایا تھا۔ اس آپریشن نے پورے پنجاب کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔سکھوں کے مذہبی مقام پر ایسی کارروائی سے پورا سکھ سماج ان کے خلاف ہو گیا تھا۔1 جون، 1984 سے 8 جون، 1984 تک چلی اس مہم میں سینکڑوں افراد ہلاک ہو گئے۔' آپریشن بلیو سٹار 'سے خفا سکھ سماج میں غصہ تھا۔اس کی وجہ سے اندرا گاندھی کو ان کے باڈی گارڈز ستونت سنگھ اور بے انت سنگھ نے 31 اکتوبر، 1984 کو ان کے گھر کے لان میں ہی گولیوں سے بھون دیا تھا۔