کولمبو: بھارت نے طوفان سے متاثرہ سری لنکا میں بچاو اور امدادی کارروائیوں کو تیز کرتے ہوئے نو ماہ کی حاملہ عورت کو محفوظ مقام تک پہنچایا اور اسے فوری طبی امداد فراہم کی۔ یہاں موجود بھارتی سفارت خانے نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ طوفان دتواہ کے سبب، سری لنکا وسیع سطح پر سیلاب، زمین کھسکنے اور بنیادی ڈھانچے کے تباہ ہونے کے واقعات سے دوچار ہے۔ ان قدرتی آفات کی وجہ سے کئی اضلاع کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور ملک کی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت پر شدید اثر پڑا ہے۔
سولہ نومبر سے ایک دسمبر (پیر) تک تباہ کن سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات میں 390 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ 352 افراد لاپتہ ہیں۔ بھارتی ہائی کمیشن نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ پٹلم ضلع میں نو ماہ کی حاملہ عورت کو نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے محفوظ نکالا اور اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔ اس میں کہا گیاآپریشن ساگر بندھو ان لوگوں کے لیے جاری ہے، جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔بھارت نے انسانی ہمدردی کی مدد اور آفات سے نجات (ایچ اے آر ڈی) اقدام کے تحت 'آپریشن ساگر بندھو' شروع کیا ہے، تاکہ سری لنکا کو طوفان دتواہ سے ہونے والی تباہ کاری سے نکلنے میں مدد مل سکے۔
ہائی کمیشن نے ایک اور پوسٹ میں کہا کہ این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے مقامی حکام کے ساتھ مل کر پیر کو پٹلم کے دشوار گزار علاقوں میں پھنسے تقریباً 800 افراد تک کھانا اور ضروری سامان پہنچایا۔ ہائی کمیشن نے بتایا کہ بھارتی فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں نے متاثرہ علاقوں میں 5.5 ٹن سے زیادہ امدادی سامان گرا دیا، جس میں ارنائیکے علاقہ بھی شامل ہے، جہاں ہیلی کاپٹر اتارنا ممکن نہیں تھا۔