لکھنؤ: لکھنؤ میں گھنٹہ گھر کے سامنے سی اے اے کی مخالفت میں چل رہے خواتین کے مظاہرے میں ایک ایسی لڑکی سامنے آئی ہے ، جو اپنی خوبصورت نظم سے انٹر نیٹ پر کافی چھائی ہوئی ہے اور لوگوں کا دل جیت رہی ہے۔ سیدہ ام کلثوم نامی یہ لڑکی ، جو ہیومن جینیٹکس میں پوسٹ گریجویٹ ہیں، اپنی فکر انگیز اور طاقتور نظم ' میں ہندستان کی بیٹی ہوں' کے ذریعہ لوگوں تک ایک طرح سے ہندوستان کے سیکولر ملک ہونے اور ملک میں برسوں سے رہ رہے تمام مذاہب کے لوگوں کی قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کو بیان کر رہی ہے ۔
یہ نظم وہ بار بار لکھنؤ میں واقع گھنٹہ گھر میں شہریت ترمیمی قانون ( سی اے اے ) اور شہری قومی رجسٹر ( این آر سی )کے خلاف ہو رہے احتجاج کے دوران پڑھ رہی تھیں۔ اس احتجاج کا اہتمام بنیادی طور پر خواتین نے کیا ہے۔
سیدہ ام کلثوم کے ذریعہ بار بار پڑھی گئی اس نظم کی ویڈیو ٹویٹر صارف آلوک پانڈے نے شیئر کی ہے۔ آلوک پانڈے نے اس کیپشن کے ساتھ اس ویڈیو کو شیئر کیا ہے۔ جس میں لکھا کہ ' یہ سیدہ ام کلثوم ہیں جو ہیومن جینیٹکس میں پوسٹ گریجویٹ ہیں۔ وہ لکھنؤ کے گھنٹہ گھر میں سی اے اے اور این آر سی کے خلاف پچھلے چار دنوں سے جاری مظاہروں کے دوران اپنی یہ فکر انگیز نظم پڑھ رہی ہیں۔
https://twitter.com/alok_pandey/status/1219236764432257027?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1219236764432257027&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.news18.com%2Fnews%2Fnation%2Fnorth-india-main-hindustan-ki-beti-hoon-poem-recited-by-syeda-umme-kulsum-while-protesting-against-caa-nrc-in-lucknow-na-290613.html
اس نظم کا آغاز خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اخیر میں وہ ہندوستان میں سیکولرازم کے بارے میں بات کرتی ہیں اور کہتی ہیں کہ کس طرح مختلف ریاستوں، ثقافتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ایک دوسرے کے تئیں انتہائی احترام کے ساتھ مل جل کر اور ہم آہنگی کے ساتھ رہتے ہیں۔ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ دسمبر 2019 میں سی اے اے کے منظور ہونے کے بعد ملک نے بڑے پیمانے پر مظاہروں اور احتجاج کو دیکھا ہے۔ مظاہرین کا ماننا ہے کہ نیا قانون نہ صرف یہ کہ بھید بھاؤ پر مبنی ہے، بلکہ ملک کے سیکولر اقدار پر بھی ایک حملہ ہے۔
درگاہ میں ہاتھ پھیلاتی ہوں،
مندر میں ہاتھ جوڑتی ہوں،
بھنڈارے میں میں نے سبزی کھائی ہے،
لنگر میں دال مکھنی کھائی اور کھلائی ہے،
میں ہندوستان کی بیٹی ہوں۔
نظم کے کچھ حصوں میں کلثوم نے عالمی اخوت و بھائی چارگی کی تصویر پیش کی ہے جو ہمارے ملک کی اصل روح ہے۔ کلثوم کی یہ ویڈیو وائرل ہو گئی ہے اور کئی سارے لوگ ان کی اس بہترین نظم کے لئے ان کی ستائش کر رہے ہیں۔