Latest News

جی-20 کی تیاریوں کے سلسلے میں کل جماعتی میٹنگ

جی-20 کی تیاریوں کے سلسلے میں کل جماعتی میٹنگ

نئی دہلی:  وزیر اعظم نریندر مودی نے  اقتصادی لحاظ سے  دنیا کے 20 مضبوط  ممالک کے گروپ جی-20  کی   صدارت سنبھالنے کے بعد اس سے متعلق پروگراموں پر اتفاق رائے قائم کرنے کے مقصد سے کل جماعتی میٹنگ  طلب کی۔
راشٹرپتی بھون میں منعقدہ اس میٹنگ میں تقریباً 40 پارٹیوں کے صدور اور لیڈروں نے شرکت کی۔  میٹنگ میں وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر، وزیر پارلیمانی امور پرہلاد جوشی، وزیر خزانہ نرملا سیتارامن، وزیر تجارت وصنعت پیوش گوئل بھی موجود تھے۔
آل پارٹی میٹنگ میں بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا، کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے، ترنمول کانگریس کی صدر اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، دراوڈا  منیترا کزاگم (ڈی ایم کے) کے صدر اور تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن، تیلگو دیشم پارٹی کے صدر چندرابابو نائیڈو نے شرکت کی۔ بیجو جنتا دل کے صدر اور اڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک، شیو سینا کے لیڈر اور مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے، عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور شمال مشرقی ریاستوں کی سیاسی  پارٹیوں کے رہنماؤں نے بھی  شرکت کی۔
یہ میٹنگ مرکزی حکومت کی طرف سے ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والے جی-20 سربراہی اجلاس اور ملک بھر میں منعقد ہونے والی 100 سے زیادہ  تقریبات کے لیے تجاویز حاصل کرنے، تبادلہ خیال اور حکمت عملی  کو حتمی شکل دینے کے لیے بلائی گئی تھی۔
ہندوستان نے یکم دسمبر کو باضابطہ طور پر  جی-20 کی صدارت سنبھال لی ہے۔ اس سال دسمبر سے ملک کے مختلف مقامات پر 100 سے زیادہ جی-20 ممالک کے مختلف اجلاس منعقد کیے جانے ہیں۔ جی-20 کے لیڈروں کی سربراہی کانفرنس آئندہ سال 09 اور 10 ستمبر کو نئی دہلی میں ہونے والی ہے۔



Comments


Scroll to Top