سپورٹس ڈیسک : دہشت گردانہ حملے کی وارننگ کے باوجود سری لنکائی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی ۔ جمعرات کو سری لنکا کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پاکستان میں 6 میچوں کے دورے کے دوران کھلاڑیوں پر دہشت گردانہ حملے کی وارننگ کے باوجود وہ پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ ایسے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا ماننا ہے کہ آئی پی ایل (انڈین پریمیئر لیگ ) فرینچائزی ٹیمیں سری لنکائی کرکٹروں پر اس بات کا دباؤ ڈال رہی ہیں کہ وہ پاکستان کے دورے پر نہ جائیں ۔
ایک ویب سائٹ سے بات چیت کے دوران آفریدی نے کہا کہ ،' سری لنکائی کھلاڑی آئی پی ایل فرینچائزی ٹیموں کے دباؤ میں ہیں ۔ میں نے کچھ کرکٹروں سے بات کی تھی پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کیلئے اور پاکستان آنے کیلئے انہوں نے کہا تھا کہ وہ آنا چاہتے ہیں لیکن آئی پی ایل کے کچھ لوگوں نے کہا کہ اگر آپ پاکستان جائیں گے تو ہم آپ کو کنٹریکٹ نہیں دیں گے ۔
آفریدی نے مزید کہا کہ ،' پاکستان نے ہمیشہ سے سری لنکا کی مدد کی ہے ۔ ایسا کبھی نہیں ہوا ہے کہ ہم سری لنکا دورے پر جائیں تو کرکٹروں کو آرام دیا جائے ۔ سری لنکا بورڈ کو اپنے کھلاڑیوں پر پاکستان دورے پر جانے کیلئے دباؤ ڈالنا چاہئے ۔ جو سری لنکائی کھلاڑی پاکستان دورے پر آ رہے ہیں انہیں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔