انٹرنیشنل ڈیسک: میکسیکو میںڈپارٹمنٹل اسٹورمیں آگ اور دھماکے سے کم از کم 23 افراد ہلاک، 12 زخمی۔ میکسیکو سٹی، 2 نومبر (اے پی) شمال مغربی میکسیکو میں ہفتہ کے روز ایک ڈپارٹمنٹل اسٹور میں آگ لگنے اور دھماکہ ہونے سے بچوں سمیت کم از کم 23 افراد کی موت ہو گئی اور 12 زخمی ہو گئے۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔ سونورا کے گورنر الفونسو دورازو نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں بتایا کہ آگ سونورا ریاست کے دارالحکومت ہرمو سیلو شہر میں لگی۔ سونورا کے اٹارنی جنرل گستاوو سالاس چاویز نے بتایا کہ کم از کم 23 افراد کی موت ہو گئی ہے اور زخمیوں کو ہرمو سیلو کے چھ ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
سالاس چاویز نے کہا کہ ابتدائی تفتیش سے پتا چلا ہے کہ لوگوں کی موت "سانس کے ساتھ زہریلی گیس جسم میں داخل ہونے کی وجہ سے ہوئی۔ انہوں نے کہا ہمیں فی الحال ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے جس سے یہ اندازہ لگایا جا سکے کہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی تھی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکام معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش کریں گے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میںوالڈو کے اسٹور میں شدید آگ لگی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ ایک ویڈیو میں ایک جلا ہوا آدمی اسٹور کے دروازے سے چند میٹر کے فاصلے پر گرا ہوا نظر آ رہا ہے۔