Latest News

جے این یو تشدد پر بولیں سمرتی ایرانی، تعلیمی اداروں کو سیاسی اکھاڑہ نہ بنایا جائے

جے این یو تشدد پر بولیں سمرتی ایرانی، تعلیمی اداروں کو سیاسی اکھاڑہ نہ بنایا جائے

امیٹھی:مرکزی وزیر  اور امیٹھی سے  رکن پارلیمنٹ سمرتی ایرانی نے اتوار کی رات جے این یو کیمپس میں طلبہ و اساتذہ پر نقاب پوش افراد کے حملے کو قابل افسوس قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے کو سیاسی اکھاڑہ نہ بنایاجائے۔ پیر کو جے این یو معاملے میں پیش آئے پر تشدد واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے سمرتی ایرانی نے کہا جے این یو میں سیاست نہیں کی جانی چاہئے۔اس کا اثر براہ راست طلبہ پر پڑتا ہے۔میں پراعتماد ہوں کہ اگر جے این یو سے سیاست ختم ہوجائے تو یہ طلبہ کے لئے سود مند ثابت ہوگا۔
راجستھان کے ضلع کوٹہ میں بچوں کی اموات پر تبصرہ کرتے ہوئے محترمہ ایرانی کانگرس لیڈر سچن پائلٹ کے بیان کا سہارا لیا جس میں سچن نے کہا تھا کہ راجستھان حکومت کی جانب سے کچھ خامیاں ہوسکتی ہیں۔ایرانی نے کہا کہ راجستھان میں میڈیکل افسران اپنی ڈیوٹی کے تئیں بالکل بھی سنجیدہ نہیں ہیں اسی وجہ سے ایسے واقعات پیش آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تو راجستھان کے کانگریس لیڈر بھی اس بات کا اعتراف کررہے ہیں کہ حکومت کی جانب سے کچھ خامیاں ہوسکتی ہیں جس کی وجہ سے اتنے بڑے پیمانے پر بچوں کی اموات ہوئیں۔
اس سے قبل مرکزی وزیر نے فرصت گنج علاقے میں کمیونٹی سنٹر کا افتتاح کیا۔اپنے ایک روزہ دورے کے دوران وہ کئی پروجکٹوں کا افتتاح کریں گی۔
 



Comments


Scroll to Top