Latest News

شیو سینا نے کی ''آپ '' کی تعریف، کہا- مودی حکومت کو کرنا چاہئے   کیجریوال کے  وژن کا استعمال

شیو سینا نے کی ''آپ '' کی تعریف، کہا- مودی حکومت کو کرنا چاہئے   کیجریوال کے  وژن کا استعمال

ممبئی: دہلی اسمبلی انتخابات سے ایک دن پہلے، شیوسینا نے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور ان کی حکومت کے پچھلے پانچ سالوں میں کئے گئے مثالی کاموںکے لئے جمعہ کو ان کی جم کر تعریف کی۔ ساتھ ہی پارٹی نے کہا کہ مرکز کو دیگر ریاستوں میں ترقی کے لئے دہلی ماڈل کو اپنانا چاہئے ۔ شیوسینا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی یا مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو دہلی میں وعدے پورے کرنے کے لئے کیجریوال کو مبارکباد دینی چاہئے ،لیکن یہ کہنے کی بجائے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور وزیر الیکشن جیتنے کی کوشش میں ہندو بنام مسلم کا مسئلہ اٹھا رہے ہیں۔
پارٹی نے اپنے  ترجمان اخبار' سامنا' میں شائع ایک اداریہ میں کہا، وزیر اعظم مودی اور امت شاہ دہلی اسمبلی انتخابات میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہ رہے۔وہ)بی جے پی( مہاراشٹر میں اقتدار میں نہیں آ پائے اور جھارکھنڈ میں بھی انہیں شکست ملی۔ اسی لئے  بی جے پی دہلی جیتنا چاہتی ہے اور اس میں کچھ غلط بھی نہیں ہے۔ اس میں کہا گیا، دہلی الیکشن جیتنے کے مقصد کے ساتھ، ملک بھر کے 200 رہنما، تمام بی جے پی حکومت والی ریاستوں کے وزراء  اعلیٰ اور مکمل مرکزی کابینہ انتخابی میدان میں کود پڑا ہے۔ اس کے باوجود کیجریوال مضبوطی  سے ابھرے ہیں۔
پارٹی نے کہا کہ کیجریوال کے نقطہ نظر اور کام کرنے کے طریقوں پر اختلافات ہو سکتے ہیں، لیکن محدود وقت تک اقتدار ہاتھ میں رہنے اور مرکز کی جانب سے مشکلات کھڑی کرنے کے باوجود، صحت، تعلیم، شہری سہولات میں ان کی حکومت کا کام مثالی ہے ۔شیوسینا نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور ان کی کابینہ کو دیگر ریاستوں میں دہلی ماڈل لاگو کرنا چاہئے اور کیجریوال کے نقطہ نظر کو پورے ملک میں استعمال کرنا چاہئے۔
 ادھو ٹھاکرے  کی قیادت  والی  نے کہا کہ  اس کے بجائے، کیجریوال کو غلط ثابت کرنے کی تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اگر کوئی کسی ریاست میں اچھا کام کر رہا ہے اور وہ بھلے ہی آپ  کے نظریہ کو نہ مانتا ہو، ملک کے لیڈر کو اس وقت بھی اس کی تعریف کرنی چاہئے اور اس کے اچھے کام کو ہر جگہ لاگو کرنا چاہئے۔ لیکن اب سیاست میں کوئی نرمی  نہیں بچی ہے۔
 



Comments


Scroll to Top