نئی دہلی :ملک میں کورونا وائرس (کووڈ19)سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 347ہو گئی ہے ۔ وہیں ملک میں کورونا سے چھٹی موت ہو گئی ہے۔ پٹنا کے ایمس میں کورونا وائرس سے متاثر ہ ایک شخص کی موت ہو گئی ہے۔ بہار میں کورونا وائرس کا یہ پہلا معاملہ ہے۔ پٹنا میں جس شخص کی موت ہوئی ہے وہ قطر سے آیا تھا ۔ رپورٹ کے مطابق اس شخص کی موت سنیچر وار صبح ہوئی تھی ۔ اس سے پہلے اس شخص کا سیمپل لیا گیا تھا ۔ جانچ رپورٹ میں یہ شخص کورونا پازیٹو پایا گیا ہے۔ مرنے والے شخص کی عمر 38سال ہے ۔ وہیں آج ہی ممبئی میں بھی کورونا وائرس سے ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ مہاراشٹر میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد دو ہو گئی ہے۔
عوامی کرفیو
وزیراعظم نریندرمودی کی جانب سے 'عوامی کرفیو' کی درخواست کرنے کے بعد آج ملک میں ایک مثالی بند ہے۔ عوام اپنی مرضی سے گھروں پر ہیں اور کوروناکے خلاف متحد ہیں ، آج پبلک ٹرانسپورٹ سہولت معطل کر دی گئی ہے اور ضروری اشیاء سے جڑی دکانوں کے علاوہ دوسرے سبھی بازار اور دکانین بند ہیں۔ وزراء اعلیٰ اور دوسرے لیڈران نے پارٹی لائن سے اوپر اٹھتے ہوئے عوام سے صبح 7سے رات 9بجے تک عوامی کرفیو کی تعمیل کرنے کا اصرار کیا۔عوام سے آج اپنے گھروں میںاپنے خاندان کے ساتھ رہنے کی درخواست کی گئی ہے اور ملک بھر میں اس عوامی کرفیو کا اثردیکھنے کو مل رہا ہے۔
راجستھان میں 31مارچ تک پوری طرح لاک ڈائون
راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے راجستھان میں 22سے 31مارچ تک ضروری چیزوں کو چھوڑ کر پوری طرح لاک ڈائون کرنے کے احکام دیئے ہیں۔ گہلوت سنیچر وار کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر کورونا وائرس کے انفیکشن کی حالت کو لیکر جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس لاک ڈائون کے تحت صوبے کے سبھی سرکاری ور غیر سرکاری دفتر ، مالس ، دکانیں، کارخانے اور پبلک ٹرانسپورٹ بند رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس عالمی وبا سے نپٹنے کیلئے عوام کا گھروں میں رہنا بیحد ضروری ہے۔ بحران کے اس دور میں حکومت صوبے کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔