Latest News

آئندہ انتخابات میں بھی بھاجپاکی ہار ہوگی،  اس نے  سماج و ملک کو تقسیم کرنے کی سیاست کی: غلام نبی آزاد

آئندہ انتخابات میں بھی بھاجپاکی ہار ہوگی،  اس نے  سماج و ملک کو تقسیم کرنے کی سیاست کی: غلام نبی آزاد

نئی دہلی:کانگرس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں کانگرس اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ(جے ایم ایم )اورآر جے ڈی اتحاد کے جیت کی جانب گامزن ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پیر کو دعویٰ کیا کہ آنے والے انتخابات میں بھی بی جے پی کی شکست ہوگی کیونکہ اس نے صرف  ملک اور سماج کو تقسیم  کر نے اور اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی سیاست کی ہے۔
آزاد نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ'' جس  طرح مہاراشٹر اور ہریانہ کے لوگوں نے بی جے پی کو سبق سکھایا ہے، جھارکھنڈ کی عوام بھی اسی راستے پر گئی ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ نتائج کانگرس  اتحاد کے حق میں ہو ں گے''۔انہوں نے دعویٰ کیا آنے والے وقت میں جو بھی انتخابات ہوں گے، ان کے نتیجے بی جے پی کے خلاف ہوں گے۔اس کی وجہ ہے کہ گزشتہ چھ سالوں میں بی جے پی حکومت اور وزیر اعظم نے خود ملک کے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے اور متنازعہ مسائل کے ذریعے لوگوں کی توجہ اصل مسائل سے ہٹا دی ہے ۔جتنے بھی وعدے انہوں نے کئے تھے، وہ پورے نہیں کئے ۔ 
غور طلب ہے کہ جھارکھنڈ میں اسمبلی کی 81 سیٹوں پر ہوئے انتخابات کے لئے پیر کو ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور اب تک ملے رجحانات کے مطابق، 29 اسمبلی سیٹوں پر بی جے پی آگے چل رہی ہے وہیں اپوزیشن جھارکھنڈ مکتی مورچہ 24، کانگرس 12 اور آر جے ڈی پانچ سیٹوں پر آگے ہے۔ جے وی ایم (جھارکھنڈ وکاس مورچہ (پی )تین پر اور آجسو  ( آل جھارکھنڈ سٹوڈنٹس یونین )بھی تین اسمبلی سیٹوں پر آگے چل رہی ہیں۔
شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاجی مظاہروں اور رام لیلا میدان میں ہوئی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریلی کا حوالہ دیتے ہوئے آزاد نے کہا، گولی باری کے تبادلے میں کئی  لوگوں کی موت ہوئی، کئی زخمی ہو گئے اور پولیس کے لاٹھی چارج میں کئی بچے-بچیوں کی ٹانگیںٹوٹ گئی  ہیں ۔اس بارے میں وزیر اعظم کے منہ سے ایک لفظ بھی نہیں نکلا۔
 



Comments


Scroll to Top