Latest News

چین نے شروع کی تبت میں دنیا کے سب سے بڑے ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی تعمیر

چین نے شروع کی تبت میں دنیا کے سب سے بڑے ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی تعمیر

بیجنگ:  چین نے ہندوستان کی تشویش کو نظر انداز کرتے ہوئے تبت خود مختار علاقے میں یارلنگ سانگپو ندی کے نچلے علاقوں میں تقریباً 1.2 ٹریلین یوآن (167.2 بلین امریکی ڈالر) کی لاگت سے ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی تعمیر کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ چینی کونسل نے اپنی ویب سائٹ پر یہ معلومات فراہم کی ہیں۔
کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ "چینی وزیراعظم لی کیانگ نے ہفتہ کو یارلنگ زانگبو ندی کے نچلے علاقوں میں ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی تعمیر کے آغاز کا اعلان کیا۔" اس پروجیکٹ میں پانچ (سیڑھی نما) کیسکڈ ہائیڈرو پاور پلانٹس شامل ہوں گے، جن کی کل لاگت تقریباً 1.2 ٹریلین یوآن (تقریباً 167.8 بلین امریکی ڈالر) ہونے کا تخمینہ ہے۔ اس پروجیکٹ سے پیدا ہونے والی بجلی کا استعمال بنیادی طور پر بیرونی کھپت کے ساتھ ساتھ تبت میں مقامی طلب کے لیے بھی کیا جائے گا۔
اس ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا تعمیراتی کام چائنا یاجیانگ گروپ کمپنی کر رہی ہے، جو پروجیکٹ کے مکمل ہونے کے بعد اس کا آپریشن بھی کرے گی۔ اس وقت دنیا کا سب سے بڑا ہائیڈرو پاور پلانٹ وسطی چین کے ہوبئی صوبے میں یانگتسی ندی پر واقع سینکسیا (تین گھاٹیاں) سمجھا جاتا ہے۔ سینکسیا ہائیڈرو پاور پلانٹ کی ڈیزائن صلاحیت 22.4 ملین کلو واٹ ہے، اور اس کی تعمیر اکتوبر 2008 میں مکمل ہوئی تھی۔ اس سے قبل، چینی میڈیا نے بتایا تھا کہ نئے ہائیڈرو پاور پلانٹ کی منصوبہ بند نصب شدہ صلاحیت 60 ملین کلو واٹ ہوگی، جو سینکسیا کی نصب شدہ صلاحیت سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ اس پروجیکٹ کی تعمیر کے باضابطہ آغاز سے پہلے ہندوستان نے اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا اور رواں سال جنوری کے آغاز میں ہندوستان کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ تبت خود مختار علاقے میں دنیا کا سب سے بڑا ہائیڈرو پاور اسٹیشن بنانے کے چین کے منصوبوں پر ہندوستان نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہندوستان نے چین سے درخواست کی تھی کہ وہ ایسی پروجیکٹس کی تعمیر کے دوران ہندوستان اور دیگر ممالک کے مفادات کا بھی خیال رکھے۔
ہندوستان اس پروجیکٹ کی اس لیے بھی مخالفت کر رہا ہے کیونکہ اس منصوبے کے تحت ایک بڑا ڈیم تبت کے مشرقی کنارے پر ہمالیہ کی وسیع وادی میں تعمیر کیا جائے گا۔ یہ علاقہ پہلے ہی زلزلوں کے لحاظ سے حساس ہے اور اس بڑے منصوبے کی تعمیر سے یہاں ماحولیاتی توازن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
 



Comments


Scroll to Top