نیشنل ڈیسک : امریکی سپیس ایجنسی ( ناسا) نے چندریان 2 کے لئے انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کی تعریف کی ہے ۔ ناسا نے اپنے ٹویٹ میں اسرو کی تعریف کتے ہوئے کہا کہ چاند پر لینڈر اتارنے کی کوشش شاندار رہی ہے ۔ اسرو کے سفر نے ہمیں متاثر کیا ہے ۔ مستقبل میں نظام شمسی کا پتہ لگانے میں مزید مدد ملے گی ۔
بتا دیں کہ چاندکی سطح سے دو کلو میٹر کی دوری تک پہنچ کر چاند پر ہندوستان کے دوسرے مشن 'چندریان 2' کا زمین پر واقع مشن کنٹرول سینٹر سے رابطہ ٹوٹ گیا ۔ اسرو نے سنیچر کو بتایا کہ چندریان 2 کے لینڈر وکرم کے چاند پر اترنے کا سلسلہ پہلے سے طے منصوبے کے مطابق چل رہا تھا اور چاند کی سطح سے 2.1 کلو میٹر کی دوری سب کچھ ٹھیک ٹھاک تھا لیکن اس کے بعد چندریان 2 کے لینڈر کا رابطہ زمین پر واقع سینٹر سے ٹوٹ گیا ۔
اسرو نے بتایا کہ رابطہ ٹوٹنے سے پہلے تک 'وکرم' سے ملے آنکڑوں کا تجزیہ کیا جارہا ہے ۔ لینڈر کا مشن کنٹرول سینٹر سے رابطہ ٹوٹے ہی وہاں موجود اسرو صدر ڈاکٹر کے شون اور دیگر سائنسدانوں کے چہرے مرجھا گئے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی بھی خود وہاں موجود تھے ۔ انہوں نے کچھ دیر بعد سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اسرو کے سائنسدانوں نے اس مشن میں جتنا کچھ حاصل کیا ہے وہ قابل تعریف ہے اور ملک کو ان پر فخر ہے ۔