Latest News

سی اے اے  احتجاج :مظاہرین  پرریلوے کی کارروائی، 21 گرفتار، 87.99کروڑ کے نقصان کی ہوگی وصولی

سی اے اے  احتجاج :مظاہرین  پرریلوے کی کارروائی، 21 گرفتار، 87.99کروڑ کے نقصان کی ہوگی وصولی

نیشنل ڈیسک: شہریت  ترمیمی قانون( سی اے اے )منظور کئے جانے کے بعد گزشتہ دنوں ملک کے مختلف  حصوں میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے۔ریلوے نے مغربی بنگال، آسام اور بہار میں سی اے  اے مخالف مظاہروں میں ریلوے کی  املاک کو نقصان پہنچانے اور آتش زنی کے واقعات میں شامل 21  مبینہ فسادیوں کی نشاندہی کی ہے۔ان کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ آر پی ایف کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ قریب 87.99 کروڑ روپے کی جائیداد کے نقصان کی تلافی توڑ پھوڑ کے واقعات میں ملوث افراد سے کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں ریلوے نے کلکتہ ہائی کورٹ میں داخل اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اکیلے بنگال میں ہی 13 سے 15 دسمبر کے درمیان ہوئے ان مظاہروں میں 84 کروڑ روپے کی ریلوے کی  پراپرٹی کا نقصان ہوا ہے۔رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ ناراض مظاہرین نے پٹڑیوں پر بولڈر ڈالے  اور ٹرین کی بوگیوں کو آگ کے حوالے کیا تھا۔اب تک جی آر پی نے 27 جبکہ آر پی ایف  نے 54  کیس درج کئے ہیں۔یہی نہیں ریلوے املاک کو نقصان پہنچانے، آتش زنی اور تشدد کے سلسلے میں 21  کو گرفتار کیا گیا ہے۔
آرپی ایف افسر نے بتایا جن 21 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں سے کچھ جائے وقوعہ سے پکڑے گئے، جبکہ کچھ کی شناخت ویڈیوز فوٹیج کے ذریعے کی گئی۔توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کی شناخت کے لئے اب بھی ویڈیو فوٹیج کی تحقیقات کا کام جاری ہے۔اس سے گرفتار لوگوں کی تعداد اور بڑھنے کا اندازہ ہے۔ افسر کے مطابق، سب سے زیادہ گرفتاریاں مغربی بنگال سے کی گئی ہیں۔پراپرٹی کی تلافی کے لئے گرفتار کئے گئے لوگوں کو نوٹس بھیجے جائیں گے۔
 



Comments


Scroll to Top