نئی دہلی : فوجی سربراہ بپن راوت ملک کے پہلے چیف آف ڈیفینس سٹاف ( سی ڈی ایس ) بنے ہیں ۔ پیر کی صبح ان کے نام کا اعلان کیا گیا ۔ بتا دیں کہ راوت منگل کے روز ( 31 دسمبر ) کو ریٹائر ہورہے ہیں ۔
یاد رہے سی ڈی ایس ، سی او ایس سی کے ایک مستقل صدر کے طور پر کام کرے گا ۔ وہیں اس سے پہلے اتوار کے روز وزارت دفاع نے چیف آف ڈیفینس ( سی ڈی ایس) کے 65 سال کی عمر تک خدمت دینے کے واسطے قانون میں ترمیم کی ہے ۔ سی ڈی ایس تینوں افواج سے متعلق تمام مسائل کیلئے وزیر دفاع کے اہم فوجی صلاحکار کے طور پر کام کریں گے ۔ قوانین کے مطابق فوجی سربراہ زیادہ سے زیادہ تین سال یا 62 سال کی عمر تک ، جو بھی پہلے آئے ، خدمات دے سکتے ہیں ۔
سی ڈی ایس ، عہدہ چھوڑنے کے بعد کسی بھی سرکاری عہدے کو حاصل کرنے کے اہل نہیں ہوں گے ۔ افسروں نے بتایا کہ سی ڈی ایس کا اہم کام وسائل کو بہتر استعمال کیلئے فوجی کمانوں کی تشکیل نو کرنا ، ساتھ ہی مشترکہ / تھیٹر کمان کے قیام کے ذریعے سے مہموں کو مشترکہ طور پر چلانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ تین سالوں کے اندر تینوں افواج کی مہموں ، ساز و سامان ، ٹریفک، ٹریننگ ، ذیلی خدمات، مواصلاتی ، دیکھ بھال اور مرمت کو مشترکہ کرنا سی ڈی ایس کا ایک دیگر اہم کام ہوگا ۔