ممبئی: ممبئی میں دہشت گردتنظیم لشکر طیبہ نے ای میل بھیج کر کئی ہوٹلوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی۔ اس کی اطلاع ملتے ہی ممبئی پولیس حرکت میں آگئی۔ پولیس نے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پاس واقع فائیو اسٹار ہوٹلوں اور اندھیری، جوہو، سانتا کروز اور میرا روڈ میں سکیورٹی بڑھادی ہے۔ ممبئی کے جوائنٹ کمشنر سنتوش رستوگی نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔
اور کرائم برانچ کے آفیسر مسلسل پوچھ-گچھ کررہے ہیں۔ اس ای میل کی ابھی کوئی پختہ جانکاری نہیں ملی ہے۔سنتوش رستوگی نے کہا، مغربی مضافاتی علاقے کے 4 فائیو اسٹار ہوٹلوں کو دھمکی بھرے ای میل ملے ہیں۔ ہم اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ بم اسکواڈ اور ڈسپوزل اسکواڈ کو ہوٹلوں کے احاطے میں تعینات کیا گیا ہے۔ اے ٹی ایس کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ وہ بھیجنے والے کا پتہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ای میل میں لکھا ہے،''ہم لشکر طیبہ سینٹرل آف پاکستان اور خلفی حامیوں نے آپ کے ہوٹل میں اپنے بندے بھیجے ہیں۔ اگر آپ ہماری مانگوں کو نہیں مانتے ہیں تو ہر جگہ دھماکہ ہوگا۔ ہمیں 100 بٹ کوائن کی ادائیگی کریں۔ اگر ہمارے کھاتے میں بٹ کوائن جمع کئے جاتے ہیں تو ہم آپریشن روک دیں گے۔ ہم اللہ کے نام پر مرنے کیلئے تیار ہیں اور کوئی بھی ہمیں روک نہیں سکتا''۔