لندن: برطانیہ کے کیمبرج شائر میں ایک ٹرین میں کئی لوگوں پر چاقو سے حملہ کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے ہفتہ کی شام ٹرین کو روک کر واقعے کے سلسلے میں دو لوگوں کو گرفتار کر لیا۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔ برطانیہ کی پولیس نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد 10 لوگوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جن میں سے نو کو جان لیوا چوٹیں آئی ہیں۔ انسداد دہشت گردی پولیس تفتیش میں تعاون کر رہی ہے۔ کیمبرج شائر پولیس نے کہا کہ اس کے افسران نے ہنٹنگڈن میں ٹرین کو روکنے اور زخمیوں کو ہسپتال لے جانے کے بعد برٹش ٹرانسپورٹ پولیس (BTP) کے ساتھ مل کر کام کیا۔
کیمبرج شائر پولیس نے ایک بیان میں کہا،ہمیں شام 7:39 بجے (مقامی وقت کے مطابق) اطلاع ملی کہ ٹرین میں کئی لوگوں پر چاقو سے حملہ کیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا، افسران موقع پر پہنچے اور ٹرین کو ہنٹنگڈن میں روکا گیا، جہاں دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ کئی لوگوں کو ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے اس "خوفناک واقعے کی سوشل میڈیا پر مذمت کی اور لوگوں سے پولیس کے مشورے پر عمل کرنے کی اپیل کی۔ اسٹارمر نے کہا، ہنٹنگڈن کے قریب ٹرین میں ہونے والا یہ خوفناک واقعہ انتہائی تشویش ناک ہے۔
انہوں نے کہامیری ہمدردیاں تمام متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہیں اور میں ایمرجنسی سروسز کا ان کی فوری کارروائی کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ علاقے میں رہنے والے تمام لوگوں کو پولیس کے مشورے پر عمل کرنا چاہیے۔ برطانیہ کی وزیر داخلہ شبانہ محمود نے کہا کہ ہنٹنگڈن میں چاقو زنی کے واقعے کے بارے میں سن کر انہیں بہت دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا، "دو مشتبہ افراد کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مجھے تفتیش کے بارے میں باقاعدگی سے معلومات دی جا رہی ہیں۔